کراچی (ٹی وی رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف گوہر خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی نہیں لگ سکتی،”بلے “ کا نشان لے لیا گیا تو پارٹی کو بڑا نقصان ہوگا، ”بلے“ کا نشان نہیں دیا گیا تو پہلے ہائیکورٹ پھر سپریم کورٹ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی چیئرمین ہیں اور رہیں گے ہم ان کی ہدایات مانتے ہیں، قانونی طور پر نگراں وزیر، اس کا بیٹا یا بھائی الیکشن نہیں لڑسکتا، تحریک انصاف کا آن لائن جلسہ بہت کامیاب رہا، سوشل میڈیا پر چار ملین لوگوں نے جلسہ دیکھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی سویلین کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں نہیں ہونا چاہئے، دلی خواہش ہے اعتزاز احسن پی ٹی آئی میں آجائیں، لطیف کھوسہ کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے پر بہت خوشی ہے، اکبر ایس بابر پی ٹی آئی کا ممبر نہیں ہے، ہمارا موقف ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران عدلیہ سے لیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے انتخابات میں حصہ لینے پر ہمیں اعتراض ہوگا، نواز شریف ابھی تک نااہل ہیں اور وہ الیکشن نہیں لڑ سکتے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف گوہر خان نے کہا کہ سیاست میں بالکل نیا نہیں ہوں 2008ء کے الیکشن میں حصہ لیا تھا، عمران خان کو بار بار آؤٹ کرنے کی کوشش کی گئی، الیکشن کمیشن نے بار بار ہمیں انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کیلئے کہا تھا۔
گوہر خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے خلاف عمران خان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن کیا، اگر ”بلے“ کا نشان نہیں دیا جاتا تو یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہوگا، پی ٹی آئی کو ”بلے“ کا نشان نہ دیا جانا پچیس کروڑ عوام کے حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 22 دسمبر کے بعد ”بلے“ کا نشان نہیں ملا تو ہمارے امیدوار آزاد مانے جائیں گے، ہمیں ”بلے“ کا نشان نہیں دیا گیا تو پہلے ہائیکورٹ پھر سپریم کورٹ جائیں گے، مجھے امید ہے عدلیہ اس معاملہ میں مداخلت کرے گی۔
گوہر خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پارٹی الیکشن تمام سیاسی جماعتوں میں سب سے بہتر طریقے پر ہوئے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے مجھے نامزد کیا اس لیے کوئی میرے مقابلہ میں کھڑا نہیں ہوا،پاکستان تحریک انصاف پر پابندی نہیں لگ سکتی، ”بلے “ کا نشان لے لیا گیا تو پارٹی کو بڑا نقصان ہوگا
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پچھلے سو سال میں کسی پارٹی چیئرمین کا اتنا تذکرہ نہیں ہوا جتنا عمران خان کا ہوا ہے۔ بانی پی ٹی آئی چیئرمین ہیں اور رہیں گے ہم ان کی ہدایات مانتے ہیں۔