لاہور(نیوز ایجنسیاں ) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نےکہا ہےکہ آر ٹی ایس بٹھاکرجو حکومت لائی گئی وہ ایک موٹروےبھی نہ بناسکی، میں صبح وزیراعظم تھا اور شام میں ہائی جیکر بنا دیا گیا، آئین و قانون میں گنجائش نہ ہونےکے باوجود وزیراعظم کو نکالنا تھا، کس نے کراچی سے دہشت گردی کو ختم کیا؟ ہم پاکستان میں وہ کام کرسکتے ہیں جو دوسری قومیں نہیں کرسکتیں، ہمیں نظرکھاگئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ کافی عرصے بعد اپنے بہت سارے ساتھیوں سے ملاقات ہورہی ہے، بیچ میں کافی گیپ آگیا اور حالات کہاں سے کہاں لے گئے، وہم و گمان میں نہیں تھا بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کردیا جائےگا، تقریباً ایک لاکھ روپے تنخواہ نہ لینے پر مجھے فارغ کیا گیا۔