لندن (ودود مشتاق) کینسر کیئر ہسپتال لاہور پاکستان کا واحد ہسپتال ہے جہاں نہ صرف کینسر کی ایمرجنسی بنائی گئی ہے بلکہ آخری اسٹیج کے مریضوں کو بھی علاج کیلئے داخل کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شرکا نے ساؤتھ آل لندن میں منعقدہ کینسر کیئر کیلئے عطیات جمع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں برطانیہ کے مختلف علاقوں کے میئرز، کونسلرز، ڈاکٹرز ، انجینئرز اور کمیونٹی رہنماؤں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور ہسپتال کیلئےعطیات جمع کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ہسپتال کی ڈائریکٹر میڈیکل ریڈی ایشن پروفیسر عریشہ زمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کینسر کیئر ہسپتال لاہور میں روز 200 مریضوں کی مفت ریڈی ایشن اور خواتین کے بریسٹ کینسر کا مکمل علاج کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ کینسر کیئر پاکستان کا واحد جدید ترین ہیسپتال ہے جہاں مریضوں کا 100 فیصد مفت علاج ہوتا ہے اور مریضوں کے لواحقین کیلئے 700 بستروں پر مشتمل ایک سرائے تعمیر کی گئی ہے جہاں 2000 مریضوں اور ان کے لواحقین کیلئے تین وقت کا مفت کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں تین آپریشن تھیٹرز میں ہر ہفتے 150 آپریشن کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کی بریسٹ اسکریننگ کیلئے تین موبائل یونٹ پورے پاکستان میں کام کر رہے ہیں اور جن خواتین کوعلاج کی ضرورت ہوتی ہے انہیں لاہور منتقل کرکے ہسپتال میں مکمل علاج کیا جاتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر آف بریکنل کونسلر ناہید اعوان، میئر آف لوشیم کونسلر توصیف انور، میئر نوید رانا ، کمیونٹی رہنما زاہد راجہ اور دیگر نے کہا کہ کینسر کیئر ہسپتال لاہور ایک ایسا ہسپتال ہے جہاں مریضوں کی 100فیصد رسائی کو ممکن بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہسپتال وقت کی اہم ضرورت ہیں اور ان کے ساتھ تعاون کیلئے اوورسیز کمیونٹی بھرپور ساتھ دے گی۔ اس موقع پر مختلف اشیا قیمتی زیورات اور پینٹنگ کی نیلامی کے ذریعے ہزاروں پاونڈز کی خطیر رقم کے عطیات جمع کئے گئے۔ بعد ازاں پاکستان کے معروف گلوکار رجب علی نے اپنے مشہور گیتوں کے ساتھ موسیقی کا جادو جگایا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔