اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ وزارت عظمی کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو مختلف سربراہان مملکت کی جانب سے 108 تحائف ملےجن میں 58 تحائف ملزمان نے رکھ لیے، تحائف کم مالیت ظاہر کر کے رکھے ۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں دو ملزمان کے نام شامل ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے تفتیشی افسر محسن ہارون اور تفتیشی افسر وقار الحسن کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا۔ ملزمان نے سعودی ولی عہد سے ملنے والا جیولری سیٹ بھی کم مالیت پر حاصل کیا۔ بشری بی بی نے سعودی ولی عہد سے ملنے والا جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا۔