راولپنڈی (نمائندہ جنگ)راولپنڈی پولیس نے احتساب عدالت کے جج کی گاڑی پر فائرنگ کی تردیدکردی ، ائرپورٹ روڈ پر ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتارکرلیاگیا،ذرائع کے مطابق احتساب عدالت راولپنڈی کے جج محمدبشیر اپنی گاڑی میں بدھ کی رات ائرپورٹ روڈ سے گذررہے تھے کہ اس دوران اسی روڈ پر ایک گاڑی میں سوار نامعلوم شخص نے ہوائی فائرنگ کی ،جس کی اطلاع مبینہ طور پر ان کے سکواڈکی گاڑی میں سوار پولیس اہلکارنے کنٹرول کو دی جس پر وہاں ڈیوٹی پر موجودٹریفک پولیس کے عملے نے فائرنگ کرنے والے ملزم کی گاڑی کوروک لیا، جسے بعدازاں گرفتارکرلیاگیا،ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ جج محمد بشیر کی گاڑی پر فائرنگ کی خبر درست نہیں، پی اے ایف چوک پر شایان نامی لڑکا اپنے عزیزوں کو زبردستی ساتھ لے کر جا رہا تھا۔