• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز لاہور و دیگر حلقوں سے الیکشن لڑینگے، رکاوٹ باقی نہیں، خواجہ آصف

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف لاہور اور دیگر حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، نواز شریف کے الیکشن لڑنے میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی ہے، تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ اسد قیصر کی رہائی پی ٹی آئی کیلئے کوئی ریلیف نہیں ہے، اسد قیصر ان لوگوں میں شامل ہیں جو معاملات چلانے والے ہیں،نئی حلقہ بندیوں میں میرے حلقہ انتخاب سے میرا آبائی گاؤں نکال دیا گیا ہے پھر بھی جیت جاؤں گا۔ سابق وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کسی سے کاغذات نامزدگی چھیننے والی کہانی غلط ہے، پی ٹی آئی والے غلط بیانی کررہے ہیں وہ الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں، فرض کریں پی ٹی آئی امیدوار سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں تو وہ دوبارہ لے لیں، پی ٹی آئی پچھلے آٹھ دس سال سے اسی قسم کی شعبدہ بازیاں اور ڈرامے بازیاں کررہی ہے، ن لیگ چاہتی ہے آٹھ فروری کے انتخابا ت ہوں، چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے کی حمایت نہیں کرتے، چیف الیکشن کمشنر کے کنڈکٹ سے ن لیگ مکمل طور پر مطمئن ہے، ایسی باتیں چوہدری اعتزاز احسن کی اپنی ذہنی اختراع ہوسکتی ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی الیکشن لڑسکتے ہیں یا نہیں یہ قانونی معاملہ ہے عدالتوں کو دیکھنا ہے، عمران خان پہلے بھی بیس بیس نشستوں سے اکٹھے الیکشن لڑتے رہے ہیں، میری اطلاع ہے کہ نواز شریف لاہور اور دیگر حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، نواز شریف کے الیکشن لڑنے میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی ہے، پارلیمنٹ نے قانون پاس کرلیا ہے کہ پانچ سال سے زیادہ نااہلی نہیں ہوسکتی۔ عثمان ڈار کے گھر پر چھاپے سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری حکومت میں بھی ایسا واقعہ ہوا تھا میں نے اس پر معذرت کی تھی، عثمان ڈار کی والدہ میری بہن اور والدہ کی جگہ ہیں ان کے ساتھ عزیزداری بھی ہے، حالیہ واقعہ سے متعلق سیالکوٹ پولیس اپنے موقف پر قائم ہے، پولیس کا کہنا ہے مفرور عمر ڈار کو گرفتار کرنے وہاں گئے تھے، پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے وہاں اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی گئی انہوں نے جواب میں کچھ نہیں کیا، عثمان ڈار مجھے ذمہ دار سمجھتے ہیں تو میرے خلاف درخواست دے کر تحقیقات کروالیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سینیٹر علی ظفر کا بیان ہے بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑنے والوں کو ٹکٹ نہیں دیں گے، عثمان ڈار سیاست سے علیحدہ ہوئے لگتا ہے اب وہ اپنی گرتی ہوئی ساکھ بحال کرنا چاہتے ہیں،عثمان ڈار اس طرح پی ٹی آئی کے ساتھ پھر سلسلہ جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں، کسی مفرور شخص کی وجہ سے اس کے گھر کی چاردیواری متاثر ہورہی ہو تو اسے پیش ہوجانا چاہئے، عزت دار سیاسی کارکن مفرور ہو کر اپنے اہل خانہ کو مشکل میں نہیں ڈالتے۔
اہم خبریں سے مزید