اسلام آباد (جنگ نیوز ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹر (AEMEND) نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ میڈیا کی آزادی سلب کرکے عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنا انتہائی تشویشناک ہے، پی ایف یو جے، سی پی این ای اور ایمنڈ نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس فائز عیسیٰ اور نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں میڈیا کو درپیش صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ سی پی این ای، پی ایف یو جے اور ایمنڈ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک میں آزادی اظہار رائے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے جس کیلئے تمام قانونی راستے اختیار کئے جائینگے۔