کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا ہے کہ 8فروری کو حکومت ہم ہی بنائیں گے، نفرت، تفریق، قبضے اور چائنا کٹنگ کی سیاست دفن کردی، تمام چیزوں سے بالاتر ہو کر صرف قومی مفاد کے لئے کام کریں گے، ہماری کوشش ہے کہ شہر کے ہر حصے میں کھیلوں کے میدان اور اسٹیڈیم قائم ہوں، وہ جمعہ کو یہاں کورنگی، ناصر کالونی میں نوتزئین شدہ فٹ بال اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کورنگی ٹاؤن کے وائس چیئرمین، پیپلزپارٹی کے مقامی راہنماء اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ کورنگی میں فٹ بال کا بہترین ٹیلنٹ ہے، یہاں ایک معیاری اسٹیڈیم کی ضرورت تھی جسےمحسوس کرکے اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا۔