کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ کے قریب نمازیوں پر حملے کردیئے، ہزاروں فلسطینیوں کو مسلسل گیارہویں ہفتے نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا، نمازیوں پر ساونڈ بم برسائے گئے، آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، فلسطینی ہلال احمر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی فورسز کے تشدد سے باب الامعود (دمشق گیٹ) اور باب لاسباط پر دو فلسطینی زخمی ہوگئے۔ غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں داخلے کیلئے پابندیاں انتہائی سخت کردی ہیں اور جگہ جگہ رکاوٹوں اور ناکہ بندیوں کے باعث ہزاروں فلسطینیوں کو نمازوں کی ادائیگی سے روکنے کیلئے قبلہ اول تک پہنچنے ہی نہیں دیا جاتا۔