• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ کی سڑکوں پر فلسطینی شہریوں کا قتل عام، 5 صیہونی فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق

جبالیہ، غزہ (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں غزہ میں نسل کشی کا سلسلہ جاری، جبالیہ کیمپ پر شدید بمباری کیساتھ ساتھ سڑکوں پر فلسطینیوں کا قتل عام، مختلف علاقوں کی سڑکوں اور گلیوں میں شہداء کی میتیں موجود، کوئی اٹھانے والا نہیں، غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر صیہونی افواج کی بمباری میں 24 گھنٹوں کے دوران 201فلسطینی شہید ہوگئے، نصیرت کیمپ میں ایک اور صحافی شہید ہوگیا، اسرائیلی حملوں کے دوران غزہ میں شہید صحافیوں کی تعداد 99ہوگئی ہے، اسرائیلی فوج نے غزہ کے اندر اپنے مزید 5 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، صیہونی افواج کے مطابق غزہ میں زمینی جنگ کے آغاز کے بعد سے ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 144 ہوگئی ہے، صیہونی فوج کے مطابق ایک روز کے دوران مزید 44 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں جن میں 10 کی حالت تشویشناک ہے، غزہ کی امداد میں اضافے کے لئے جمعے کے روز منظور کی گئی قرارداد کو بعض ممالک نے "تقریباً بے معنی" قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ نے اپنے انتباہ کو دہرایا ہے کہ "غزہ میں قحط پڑ رہا ہے" کیونکہ تنازع خوراک اور دیگر اہم سامان تک رسائی کو روک رہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سکریٹری جنرل اگنیس کالمارڈ کا کہنا ہے کہ غزہ کیلئے انسانی امداد کی فراہمی کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد شہریوں کے مصائب کے دریا میں قطرے کی ماند ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اسرائیلی لڑائی کو روکنے کے لئے بین الاقوامی اداروں کی ’بے عملی ‘ پر تنقید کی ہے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے بعد حالیہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے افراد کو ان کے سوگوار اہلخانہ نے آنسو وں کیساتھ الوداع کہا اور ان کیلئے دعائیں کیں، اقوام متحدہ کی قرارداد میں غزہ کیلئے مزید امداد کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا تاہم اس میں لڑائی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ شامل نہیں تھا ۔ہفتے کی صبح اسرائیلی حملوں کے بعد خان یونس شہر میں دھوئیں کے سیاہ بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دیئے۔

اہم خبریں سے مزید