کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور حلقہ پی بی 42 کوئٹہ 5 کے امیدوار شیخ زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ کوئٹہ ایک گلدستے کی مانند ہے، جس میں تما م اقوام امن و بھائی چارے کے ساتھ رہتی ہیں، اس امن و بھائی چارے کی فضا کو بہتر بنانے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہم میدان عمل میں اترے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقے کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز اورعوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سابق سینیٹر شیخ سعید الحسن مندوخیل، نسیم الرحمٰن ملا خیل و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آئندہ عام انتخابات میں پورے پاکستان سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، میاں نوازشریف کا بیانیہ ہی جیتے گا ، پوری قوم کی یہی خواہش ہے کہ اس ملک کی باگ دوڑ میاں صاحب سنبھالیں کیونکہ ترقی اور خوشحالی کی ضمانت مسلم لیگ ن ہی ہے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کی محرومیوں اور مشکلات کے خاتمے کے لئے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے درایں اثناء شیخ زرک خان مندوخیل نے حلقہ پی بی 42 کوئٹہ 5 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے انشاءاللہ 8فروری کو تاریخی فتح حاصل کریں گے۔