کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ نے دہرے قتل کے ملزم ،ڈکیت گروہ کے سرغنہ سمیت 7 کارندوں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گاڑی قبضے میں لے لی۔ ذرائع کے مطابق ایس پی سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ عبد الستار اچکزئی کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ نیو کچلاک سمیت دیگر علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کا سرغنہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کچلاک میں مو جود ہے، جس پر ڈی ایس پی راجہ عبدالقیوم کی سر براہی میں ٹیم تشکیل دی جس نے گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ ایمل خان کو پانچ ساتھیوں قادر خان،رفیع اللہ،صمد عرف سمو،نعمان اور جنت گل کو گرفتار کر کے چار ٹی ٹی ایک شارٹ گن اور ایک گاڑی قبضے میں لے لی۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے نیو کچلاک کے ایک گھر میں ڈکیتی کی تھی جبکہ ایک اور کارروائی میں خالق شہید اور سریاب پولیس کو قتل کے دو مقدمات میں مطلوب ملزم مظفر احمد کو گرفتار کر لیا۔