اسلام آباد (خبر نگار)تحریک انصاف نےبلے کے نشان سے متعلق پرویز خٹک کے بیان کو پی ٹی آئی سےبلے کا نشان ہتھیانے کی سازش قرار دیتے ہوئے چیف جسٹس سے جامع تحقیقات کیلئے فوری عدالتی کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی ہے، پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ سازش کے مرکزی کردار چیف الیکشن کمشنر ہیں ، جواب طلبی کی جائے، پرویز خٹک کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ عوام میں غیرمعمولی مقبولیت اور انتخاب میں ناقابل شکست ہونے پر تحریک انصاف کو سازش اور ریاستی جبر سے انتخاب سے باہر کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تحریک انصاف کوبلے کے انتخابی نشان سے محروم کرنے کی سازش ایک عرصے سے رچائی جا رہی ہے چیف الیکشن کمشنر اپنے مینڈیٹ سے انحراف اور دستور پامال کرنے کی پوری تاریخ رکھتے ہیں انہوں نے اسی سازش کے تحت تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخاب کی آڑ میں بلے کے نشان کی عدم فراہمی کا فیصلہ سنایا، پرویز خٹک کے بیان کی روشنی میں دستور سے بدترین انحراف کی راہ پر گامزن چیف الیکشن کمشنر سے جواب طلبی کا اہتمام کیا جائے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کے زیر التوا ریفرنس پر کارروائی کی جائے اور چیف الیکشن کمشنر کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، الیکشن کمیشن کے متنازع ترین فیصلے کو کالعدم قرار دیکر ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کوبلے کا انتخابی نشان فراہم کیا جائے، جمہوریت اور دستور کیخلاف سازشوں کے کلیدی کردار چیف الیکشن کمشنر کے ملک و قوم کیخلاف سنگین جرائم کا حساب قوم ضرور لے گی۔