• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باکسنگ ڈے ٹیسٹ آج سے شروع، فٹنس مسائل میں گھری پاکستان ٹیم 42 برس سے فتح کی منتظر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے بارہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔باکسنگ ڈے ٹیسٹ منگل کی صبح شروع ہوگا۔ پاکستان نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اس سے قبل 10 میچ کھیلے ہیں جس میں صرف 2 فتوحات 1979 اور 1981 میں حاصل ہوئی ہیں، یہاں پر پاکستان کو فتح کا ذائقہ چکھے 42 برس بیت چکے ہیں، پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا میں لگاتار 16 ویں ٹیسٹ شکست سے بچنے کا چیلنج بھی درپیش ہوگا۔وکٹ کیپر اور سابق کپتان سرفراز احمد کو ایک ٹیسٹ کی کارکردگی پر ٹیم سے ڈراپ کرکے محمد رضوان کو موقع دیا گیا ہے۔ آف اسپنر ساجد خان بارہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں لیکن میلبرن میں بارش ہورہی ہے اور مزید بارش کی پیش گوئی ہے۔ پچ کور ہے اس لئے شاہین شاہ آفریدی اور عامر جمال کے ساتھ میرحمزہ اور حسن علی کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا گیارہواں ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اپنی تیاری کو بہتر بنانے کی غرض سے وکٹوریہ الیون کے خلاف دو روزہ پریکٹس میچ کھیلا جس سے پاکستانی بیٹرز اور بولرز کو فائدہ ہوا۔اس کے لیے قابل ذکر بات ڈیبیو کرنے والے دو کھلاڑیوں عامر جمال اور خرم شہزاد کی عمدہ کارکردگی تھی، جنہوں نے میچ میں بالترتیب سات اور پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ عامر جمال اپنی شاندار کارکردگی کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہوں گے کیونکہ 111 رنز دے کر 6 وکٹوں کی کارکردگی ڈیبیو پر کسی بھی پاکستانی بولر کی چھٹی بہترین بولنگ تھی۔بدقسمتی سے خرم شہزاد اسٹریس فریکچر کی وجہ سے ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ ابرار احمد بھی دوسرے ٹیسٹ میں سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ آف اسپنر ساجد خان جو ابرار احمد کے بیک اپ اسپنر کے طور پر آسٹریلیا آئے تھے حسن علی اور میر حمزہ کے ساتھ میلبرن ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے 12 رکنی اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔ فائنل الیون کا اعلان میچ کے روز کیا جائے گا۔ ٹیسٹ ٹیم کےکپتان شان مسعود کا کہنا ہےکہ سرفراز کے لیے ڈراپ کرنا سخت لفظ ہے انہیں تھوڑا آرام دیا ہے۔ کنڈیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے رضوان کا انتخاب کیا گیا۔ جہاں سرفراز کیلئے کنڈیشنز سودمند ہوں گی وہاں انہیں موقع ملے گا۔ شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہمیں بیٹنگ میں بہتری لانا ہوگی، ٹیم 100 اوور کھیل رہی ہے تو بیٹرز کو تھوڑا تیز کھیلنا ہوگا، فاسٹ بولرز کیلئے ٹیسٹ کرکٹ مشکل ہوتا ہے، فاسٹ بولر کو انجری تو ہوتی ہے کیونکہ جو ٹیسٹ کرکٹ کا لوڈ ہے وہ ڈومیسٹک کا لوڈ نہیں۔ سرفراز احمد نے پہلے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 7 رنز بناسکے تھے، وکٹوریہ الیون کے خلاف ٹور میچ کی دونوں اننگز میں وہ مجموعی طور پر 40 رنز کے دوران دوبار آؤٹ ہوئے جبکہ اسی مقابلے میں محمد رضوان نے ففٹی اسکور کی تھی۔ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے میلبرن ٹیسٹ کیلئے اعلان کردہ 12 کھلاڑیوں میں فہیم اشرف کا نام بھی شامل نہیں کیا گیا، وہ بھی آسٹریلیا کیخلاف دوسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔ زخمی خرم شہزاد کی جگہ میر حمزہ اور فہیم اشرف کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم سلیکشن میں ڈائریکٹر محمد حفیظ فرنٹ فٹ پر ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ کیلئے منتخب 12 کھلاڑیوں میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، بابراعظم ،سعود شکیل ، شاہین آفریدی، عامر جمال اور ساجد خان شامل ہیں۔ پرتھ میں پاکستان پہلا ٹیسٹ360رنز سے ہارگیا تھا۔دوطرفہ میں آسٹریلیا کا پلڑہ کافی بھاری ہے، اس نے 35 جبکہ پاکستان نے 15 فتوحات حاصل کیں ہیں، 20 میچز ڈرا ہوئے ہیں۔ گذشتہ 10 برس کے دوران دونوں ٹیموں کے ایک دوسرے سے میچز میں آسٹریلیا نے 7، پاکستان نے 3 فتوحات حاصل کیں اور 3 ہی میچز ڈرا ہوئے ہیں۔
اسپورٹس سے مزید