لاہور(نیوز ایجنسی، مانیٹرنگ ڈیسک) عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل دوسرے روز بھی جاری رہا، نواز شریف ودیگر کے کاغذات نامزدگی کلیئر قرار دے دیئے گئے، زرداری، بلاول ،لطیف کھوسہ، فضل الرحمان، لیاقت بلوچ ، چوہدری نثار اور امین الحق کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے حلقہ این اے130سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہو گئی ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال یاسین نے پارٹی قائد نواز شریف کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جن کی گزشتہ روز جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے چوہدری نثار علی، این اے 127 سے سردار لطیف کھوسہ اور عون چودھری کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے، این اے 194 لاڑکانہ ون اور این اے 196 شہداد کوٹ سے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات درست قرار دیئے گئے، این اے 265 پشین سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے کاغذات منظور کر لئے گئے، این اے 148 سے سابق وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن، این اے 128 اور این اے 123 سے لیاقت بلوچ کے کاغذات درست قرار دیئے گئے۔