پاکستان فلم انڈسٹری کا جانا پہچانا نام سینئر اداکار اور ہدایت کار شان شاہد کا کہنا ہے کہ جیو ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے سیکویل ’تیرے بن 2‘ کو ڈرامہ نہیں بلکہ بطور فلم پیش کیا جانا چاہیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر گزشتہ روز پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے ایک سال مکمل ہونے پر ’تیرے بن سیزن 2‘ کی شوٹنگ کے آغاز کا اعلان کیا۔
پروڈیوسر کی شیئر کردہ پوسٹ پر سینئر اداکار نے مبارک باد دیتے ہوئے مشورہ پیش کیا کہ اس برانڈ کے ساتھ ڈرامہ نہیں بلکہ فلم انصاف کرئے گی۔
شان شاہد نے عبداللہ کادوانی کی پوسٹ کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کم از کم کوئی تو پارٹ 2 بنا رہا ہے لیکن مجھے اب بھی لگتا ہے کہ برانڈ کے ساتھ فلم بہتر انصاف کرے گی‘۔
واضح رہے کہ نوراں مخدوم کے قلم سے پیش کیا گیا جیو ٹیلی ویژن کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے پروڈیوس جبکہ ہدایت کاری سراج الحق نے کی ہے۔
ریکارڈ توڑ میگا ڈرامہ سیریل کے پروڈیوسر اسد قریشی اور عبداللہ کادوانی ہیں جبکہ اس کی مرکزی کاسٹ میں یمنیٰ زیدی، وہاج علی، بشریٰ انصاری، سبینہ فاروقی، حرا سومرو، سہیل سمیر، آغا مصطفیٰ، سیمی پاشا، محمود اسلم، فرحان علی آغا، فضیلہ قاضی و دیگر شامل تھی۔
پروڈیوسر عبداللہ کادوانی کی جانب سے ’تیرے بن سیزن 2‘ کے اعلان سے متعلق پوسٹ سامنے آتے ہی شائقین کے والہانہ ردعمل سے معلوم ہوتا ہے کے وہ اس ڈرامے کے سیکویل کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔