راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) نیو ائرنائٹ پر راولپنڈی پولیس اورٹریفک پولیس کے 6ہزار 600 افسران وجوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ پولیس نے نیو ائیر نائٹ کے موقع پر شہریوں کے تحفظ ، ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے سکیورٹی انتظامات کرلئے۔اس موقع پر ڈولفن فورس ،محافظ سکواڈ ،کیوآر ایف اورتھانوں کی موبائلزبھی سڑکوں پرگشت کریں گی ۔ ہوائی فائرنگ ،آتش بازی ،ہلڑ بازی اورون ویلنگ کی روک تھام کے لئے مختلف علاقوں میں57 خصوصی پکٹس بھی لگائی جائیں گی۔ نیو ائر نائٹ پر مسیحی برادری عبادات کا اہتمام کرتی ہے جن کے تحفظ کے لئے سکیورٹی پلان میں الگ سے ڈیوٹی لگائی گئی ہے ، مسیحی برادری اور ان کی عبادت گاہوں کو بھی مؤثر سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ٹریفک کے انتظامات کے لئے بھی الگ سے ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق263 ٹریفک پولیس ملازمین ڈیوٹی سرا نجام دیں گے۔