• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

کہا جاتا ہے کہ اچھی غذا ہی مجموعی صحت اور طویل زندگی کا سبب بنتی ہے تو کیوں نہ نئے سال کا آغاز غذاؤں سے متعلق چند بہترین مشوروں سے کیا جائے۔

ہر سال کی طرح یہ سال بھی کروڑوں لوگوں کے لیے بہتر زندگی جینے کے مواقع لے کر آیا ہے، اس سال کے آغاز ہی سے اپنی غذائی عادات اور طرز زندگی کو بہتر بنا کر آنے والوں برسوں میں فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

اس سال بہتر صحت کے لیے درج ذیل مشوروں پر عمل کریں:

مکمل غذا کو ترجیح دیں

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر عمر کے فرد کے لیے ضروری ہے کہ اپنی خوراک میں ضروری غذائی اجزاء جیسے کہ پھل، سبزیاں، مکمل اناج، پروٹین،  فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس، صحت مند چکنائی کو شامل کرے، ان اجزا سے مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے۔ 

 ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ پراسیس شدہ کھانوں سے پرہیز کریں اور گھر کے کھانوں کا انتخاب کریں۔

غذائی حجم پر کنٹرول رکھیں

مناسب غذا کا متوازن استعمال ہی صحت بہتر بنا سکتا ہے، صحت مند اور جسمانی وزن کو برقرار رکھنے اور خون میں شکر کی سطح کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اعتدال میں رہ کر کھایا جائے جس کے لیے چھوٹی پلیٹوں کا استعمال اور اور ایک وقت کے کھانے کے حصوں کی پیمائش کرنا ضروری ہے۔

ہائیڈریٹڈ رہیں

بہتر صحت کے لیےکم از کم دن میں 8 گلاس پانی لازمی قرار دیا جاتا ہے۔

پانی پینا ہاضمے، غذائی اجزاء کو جذب کرنے، بھوک پر قابو پانے اور جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔

اس سال کے پہلے دن ہی سے باقاعدگی سے پانی پینے کی عادت بنا لیں، پانی کی بوتل اپنے ساتھ رکھیں اور میٹھے مشروبات کو پانی سے بدل دیں۔

پھلیاں کھائیں

پودوں پر مبنی پروٹین جیسے کہ پھلیاں، لوبیا، کوئنو میں سیر شدہ چکنائی کم اور فائبر زیادہ ہوتا ہے جس سے یہ دل کے لیے صحت مند انتخاب بنتے ہیں، اپنے کھانوں میں پودوں پر مبنی پروٹین شامل کریں جیسے کہ سلاد میں چنوں کا استعمال وغیرہ۔

شکر کا استعمال محدود کریں

شوگر کا زیادہ استعمال موٹاپے، ذیابیطس اور دیگر دائمی بیماریوں کا باعث بنتا ہے، اضافی شکر کو محدود کرنا صحت مند وزن اور مجموعی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

اضافی شکر سے بچاؤ کے لیے فوڈ لیبل چیک کریں، میٹھے مشروبات کو کم کر دیں اور پھلوں جیسی قدرتی میٹھی غذاؤں کا استعمال کریں۔

گری دار میووں اور زیتون کے تیل کا استعمال

ایوکاڈو، گری دار میوے، بیج اور زیتون کے تیل میں پائی جانے والی صحت مند چکنائیوں کا استعمال دماغی افعال اور دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے، کھانا پکانے کے لیے زیتون کا تیل استعمال کریں، سلاد میں ایوکاڈو شامل کریں اور اسنیک کے طور پر مٹھی بھر گری دار میوے کھائیں۔

غذاؤں کا چناؤ ہوشیاری سے کریں

کھانے کی عادات میں آہستہ کھانے کی عادت کو بھی شامل کر لیں، اپنے کھانے سے خوب لطف اندوز ہوں، اس عادت سے ناصرف کم کھایا جائے گا بلکہ بسیار خوری سے بھی جان چھوٹ جائے گی۔

سوڈیم کی مقدار کو کم کریں

سوڈیم (نمک) کا زیادہ استعمال ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماری کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

سوڈیم کی سطح کو کم کرنے سے بلڈ پریشر کو صحت مند رکھنے میں مدد ملتی ہے، پراسیس شدہ اور پیک شدہ کھانوں کو محدود کر دیں، مصالحوں کے ساتھ ذائقہ دار کھانے اور کم سوڈیم والی مصنوعات کا انتخاب کریں۔

باقاعدہ ورزش کریں

متوازن غذا کے ساتھ باقاعدگی سے ورزش کرنا وزن میں کمی لانے سمیت جوڑوں کے لیے بھی بہترین عادت ہے، باقاعدہ ورزش کے نتائج طویل اور صحت مند زندگی کے نتیجے میں سامنے آتے ہیں۔

ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ باقاعدگی سے وہ مشقیں کریں جن سے آپ لطف اندوز ہوں، ہر ہفتے 150 منٹ ایروبک کو اپنی عادت بنالیں۔

اسنیکنگ کے دوران اپنی کھانے کی خواہش پر نظر رکھیں

اعتدال پسندانہ اسنیکنگ دن کو مزید خوشگوار بنا سکتی ہے، اسنیک کے طور پر پروسس شدہ غذاؤں کے بجائے صحت بخش اور نمکین غذا کا انتخاب آپ کی صحت میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ 

چپس یا بے تحاشہ مٹھاس سے بھرپور جیلیز اور کینڈی کے بجائے تازہ پھل اور دہی کے ساتھ کچی سبزیوں جیسے غذائیت سے بھرپور اسنیکس کا انتخاب کریں۔ 

صحت سے مزید