• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور/پشاور(ایجنسیاں)قائد ن لیگ نواز شریف کی این اے 130 لاہور سے کاغذات کی منظوری کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر ‘ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نےاپیل پر اعتراض عائد کر دیا‘ادھر پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو بلے کے انتخابی نشان کی بحالی کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کردی جبکہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘ اگر بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے۔دریں اثناءالیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق سروے کرانے والے ٹی وی چینلز کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پیمراکوجاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بعض چینلز پول سروے نشر کر رہے ہیں، ضابطہ اخلاق میں اس کی ممانعت ہے‘خلاف ورزی کرنے والے میڈیاہاؤسزکے خلاف ایکشن لیا جائےجبکہ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن)نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے سے متعلق فیصلے جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفصیلی فیصلوں کا اجرا کاغذات مسترد کرنے کی وجوہات جاننے کے لیے ضروری ہے اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت آر اوز یہ فیصلے جاری کرنے کے پابند ہیں۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی لاہور سے قومی اسمبلی حلقہ این اے 130 سے کاغذات کی منظوری کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں دائر اپیل پر ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کر دیا،رجسٹرار آفس نے دائر اپیل کے ساتھ مصدقہ نقل نہ ہونے کا اعتراض لگایا ہے جبکہ اپیل کنندہ نے اپیل کو اعتراض والی فہرست میں شامل کر کے سماعت کرنے کی استدعا کردی۔پاکستان عوامی محاذ کے سربراہ اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے دائر اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے تاحیات نا اہل قرار دیا ہے اس لیے نوازشریف الیکشن لڑنے کے اہل نہیں۔

اہم خبریں سے مزید