کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘کے میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما مسلم لیگ ن ، خواجہ محمد آصف نے کہا ہےکہ پرویز رشید کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ہمارے اندرونی خلفشار کا دشمن فائدہ اٹھائیں گے.
سینئر رہنما تحریک انصاف، علی محمد خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے سیاسی مخالفت اپنی جگہ دعا ہے کہ اللہ ان کی حفاظت فرمائے۔ان کے قافلے کے ساتھ اگر کوئی واقعہ ہوا ہے تو ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ ہماری جماعت انتخابات ملتوی کرنے کے حق میں نہیں ہے۔
دہشت گردی کی وجہ سے انتخابات ملتوی کرنا دہشت گردوں کے سامنے ہتھیار ڈالنا ہے۔
پاکستان کے دفاعی اداروں کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے۔میزبان حامد میرنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بہت سے رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوچکے ہیں۔
یہ کاغذات کا نامزدگی کا مسترد ہونا کوئی نیا واقعہ نہیں ہے۔ یہ الیکشن میں بہت سے لوگوں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوتے ہیں ۔ لیکن جس طریقے سے ابھی مسترد ہورہے ہیں تو بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہورہا ہے۔