کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست پنجاب کی پٹیالہ یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی پروفیسر ڈاکٹر سندیپ سنگھ نے نا مساعد حالات سے تنگ آ کر شہر کی سڑکوں پر سبزیاں بیچنا شروع کر دیا ہے۔ سندیپ سنگھ نے چار ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کر رکھی ہے لیکن ناسازگار حالات کی وجہ سے اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے انہیں سڑکوں پر سبزیاں بیچنا پڑ رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 39؍ برس کے سندیپ سنگھ نے پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ قانون میں تقریباً 11؍ سال تک کنٹریکٹ پر پروفیسر کے عہدے پر کام کیا۔ قانون میں پی ایچ ڈی کے ساتھ سندیپ کے پاس پنجابی زبان، صحافت اور سیاست سمیت چار مضامین میں ماسٹرز کی ڈگریاں ہیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ سبزیاں بیچنے والا یہ پروفیسر اب بھی تعلیم حاصل کرنے کے جنون میں مبتلا ہے۔ تنخواہ میں کٹوتی اور بے قاعدہ تنخواہ جیسے مسائل کا سامنا کرنے کے بعد ڈاکٹر سندیپ نے ملازمت کو خیرباد کہہ دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اتنے برسوں تک ملازمت کے باوجود انہیں مستقل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی پروفیسر کی حیثیت سے کام کرنا چاہتے ہیں لیکن معاشی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سبزیاں بیچ کر وہ پروفیسر کے مقابلے میں زیادہ پیسے کما رہے ہیں۔ ان کے ٹھیلے پر بھی یہی لکھا ہے: ’’پی ایچ ڈی سبزی والا۔‘‘ سندیپ سنگھ نےاپنی ملازمت چھوڑنے کے باوجود تدریس کے شوق کو ترک نہیں کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ پیسے بچا کر ایک دن اپنا ٹیوشن سینٹر کھولیں گے۔