کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) الیکشن ٹربیونل میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف دوسرے روز بھی اپیلیں دائر کی گئیں۔ حلقہ این اے 236سے پی ٹی آئی امیدوار عالمگیر خان نے جاوید میمن ایڈووکیٹ کے توسط سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل دائر کی۔ ریٹرننگ افسر نے عالمگیر کے ٹیکس کی عدم ادائیگی پر کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے۔ حلقہ این اے 248 میں پی ٹی آئی امیدوار ارسلان خالد نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کردی ہے۔ ریٹرننگ افسر نے ایم کیو ایم قیصر پٹیل کے اعتراض پر ارسلان خالد کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے۔ سندھ ہائیکورٹ الیکشن ٹربیونل میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 234 سے آزاد امیدوار فدا محمد نے آر او کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ تائید کندہ کے دستخط میں فرق ہونے پر کاغذات مسترد کئے ہیں۔ حلقہ پی ایس 88 رائے حق پارٹی کے امیدوار مولانا اورنگزیب فاروقی نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کردی ہے۔