• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران، جنرل قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کی تقریب میں بم دھماکے، 95 شہید، 141 زخمی

تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران کے شہر کرمان میں پاسداران انقلاب کے شہید جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں 95افراد جاں بحق اور 141 زخمی ہوگئے، ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق دونوں بم سوٹ کیسز میں رکھے گئے تھے جنہیں بظاہر ریمورٹ کنٹرول سے اڑا یا گیا ، پہلے دھماکے کے 15منٹ بعد جائے وقوع کے قریب ہی دوسرا دھماکا اس وقت ہوا جب امدادی کارکن اور لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی، دھماکوں کے بعد ہر طرف لاشیں اور زخمی بکھر گئے ، دھماکے تقریباً 15 منٹ کے وقفے سے قاسم سلیمانی کے آبائی شہر کرمان میں واقع شہداء قبرستان کے قریب صاحب الزمان مسجد میں ہوئے، جہاں ہزاروں افراد قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کے موقع پر موجود تھے جنہیں بغداد میں 2020میں امریکی ڈرون حملے میں شہید کردیا گیا تھا ، ایران کے سرکاری میڈیا اور علاقائی حکام نے دھماکوں کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے تاہم اس کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے ،ایران میں ہلال احمر نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں طبی عملے کے تین اہلکار بھی شامل ہیں جو پہلے دھماکے کے بعد جائے وقوع پر پہنچے تھے ۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بم حملوں کا سخت جواب دینے کا اعلان کیا ہے ۔ خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی قوم کے شر پسند دشمنوں نے ایک بار پھر تباہی پھیلائی اور کرمان میں بڑی تعداد میں معصوم شہریوں کو شہید کر دیا، انشاءاللہ اس کا رد عمل سخت ہو گا۔ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے "گھناؤنے" جرم کی شدید مذمت کی ہے جبکہ ملک بھر میں جمعرات کو قومی یوم سوگ کا اعلان کردیا گیا ہے۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دھماکوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے، پیوٹن نے رئیسی اورایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے نام لکھے گئے خط میں کہا کہ قبرستان جانے والے پرامن لوگوں کا قتل ظالمانہ اور گھٹیا اقدام ہے۔ترک صدر رجب طیب ایردوان نے سوشل میڈیا پوسٹ میں پرتشدد حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایرانی عوام کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے، لبنان، پاکستان اور اردن نے بھی دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے ، پاکستان کے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ایرانی عوام اور حکومت کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے، عراق نے کہا کہ وہ "دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید