راولپنڈی ( آن لائن )تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمجھتی ہےکہ موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ہوتے ہوئے ہماری جماعت کو انصاف نہیں مل سکتا‘چیف جسٹس کو کوئی حق نہیں کہ پی ٹی آئی یا ان کے وکلاء کی تضحیک کریں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی چیف جسٹس کی رویے کی مذمت کرتی ہے، آپ کو کوئی حق نہیں آپ پی ٹی آئی یا ان کے وکلاء کی تضحیک کریں۔ ہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اعلان کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جمعرات کو لیگل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیسز پر گفتگو کی لیکن فاضل چیف جسٹس کا تحریک انصاف کے وکلاء کے ساتھ رویہ توہین آمیز ہے۔
فاضل چیف جسٹس سمجھتے ہیں ملک میں امن و آشتی ہے۔پی ٹی آئی کے 12 سو کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں لیکن ہمارے کیسز کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے عمیر نیازی کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجا لیکن آر اوز کے کنڈکٹ پر نوٹس نہیں لیا جا رہا۔