• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھٹو ریفرنس، پیپلزپارٹی نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کروادیا

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پی پی پی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق سپریم کورٹ میں زیرسماعت صدارتی ریفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنا تحریری جواب جمع کروادیا ،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ہفتہ کے روز ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ذریعے108 صفحات پر مشتمل تحریری جواب کورٹ میں جمع کروایا گیا ،جس میں موقف اختیار کیا گیا ذوالفقار علی بھٹو کو دبائو پر جھوٹے الزام میں سزائے موت دی گئی تھی ،اس موقف کے حق میں مختلف کتابوں کے حوالے بھی دیے گئے ہیں جبکہ اس ضمن میں سابق چیف جسٹس پاکستان ،نسیم حسن شاہ مرحوم کے ایک انٹرویو کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں،تحریری جواب میں سابق چیف جسٹس نسیم حسن شاہ کے انٹرویو کی یو ایس بی اور سی ڈی جبکہ انٹرویو کا انگریزی اور اردو میں متن بھی جمع کروایا گیا ہے،۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بنچ 8 جنوری کو سماعت کرے گا،لارجر بنچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں،یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپریل 2011 میں صدارتی ریفرنس دائر کیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید