لندن (ودود مشتاق) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیرِ اہتمام پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے مغربی لندن کے علاقے ساؤتھ آل میں تقریب منعقد ہوئی جس میں برطانیہ کے مختلف شہروں سے پارٹی کارکنوں، نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان کیلئے دی جانے والی خدمات کو سراہا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی گریٹر لندن کے جنرل سیکرٹری راجہ افتخار نے کہا کہ پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ سیاست اور عملی سیاست وطن عزیز میں مشعل راہ ہے اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو اور اپنی والدہ بے نظیر بھٹو شہید کے سیاسی ویژن کے ساتھ پارٹی کو منظم اور متحرک کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی مرکزی رہنما بیگم شمیم بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی زنجیر اور وفاق کی علامت ہے جو آئندہ عام انتخابات میں کامیاب ہوکر ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرے کی۔ پیپلز پارٹی یوتھ ونگ یوکے یورپ کے صدر آصف خان نے کہا کہ کہ انہیں بانی چیئرمین ذولفقار علی بھٹو کی قربانیوں اور ان کے نواسے بلاول بھٹو کی عملی جدوجہد پر فخر جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ پارٹی رہنماابرار میر، رانا خلیل ،فخر عمران کاظمی ،چوہدری نثار، مرزا خلیل،احمد خان محمد یوسف اور دیگر نے کہا کہ پاکستان بھر میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کی حقیقت عوام کے سامنے آچکی ہے یہی وجہ ہے آئندہ الیکشن میں عوام پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کر رہے ہیں جس کی مثال لندن اور ملک بھر میں نوجوانوں کی شمولیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت کے چرچے زبان زد عام ہوچکے ہیں۔پیپلز پارٹی کے جیالے بلاول بھٹو کی نوجوان قیادت میں فعال ہوچکے ہیں اورپیپلز پارٹی اب سندھ میں ہی نہیں پورے ملک سے الیکشن میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گئ ۔ تقریب میں شہید ذولفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور کارکنان کی جانب سے پارٹی چئیرمین کی صحت و تندرستی سمیت فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔