کراچی(رفیق مانگٹ )اسٹیٹس سمبلز میں سب سے پرتعیش پرائیویٹ جیٹ طیارے نہ صرف سفر کا ایک آسان طریقہ ہیں بلکہ دولت مند اور طاقتور افراد کی شان و شوکت کی علامت ہے، ان میں سے کچھ طیارے اتنے پرتعیش کہ ان کی قیمت کچھ ممالک کی جی ڈی پی سے زیادہ ہے۔
دنیا کا مہنگا ترین پرائیویٹ جیٹ روسی ارب پتی علیشیر عمانوف کے پاس ہے۔
ایئربس اے 340-300کی قیمت ایک کھرب12ارب روپےسے زائد(400ملین ڈالر) ہے۔
یہ ہوائی جہاز375مسافروں کو لے جا سکتا ہے، یہ جیٹ روس اور ممکنہ طور پر پورے یورپ میں سب سے بڑا نجی جیٹ ہے۔ اس میں مختلف سہولتیں اور حفاظتی نظام موجود ہیں۔
دنیا کا دوسرا مہنگا ترین پرائیویٹ جیٹ بوئنگ747 ایٹ وی آئی پی ہانگ کانگ کے ارب پتی اور رئیل اسٹیٹ ٹائیکون جوزف لاؤ کے پاس ہے، جس کی قیمت ایک کھرب تین ارب روپے (367 ملین ڈالر) ہے۔
یہ دنیا کے سب سے بڑے اور جدید ترین مسافر بردار ہوائی جہازوں میں سے ایک ہے۔ یہ جیٹ آواز کی رفتار تک پرواز کرسکتا ہے۔جیٹ میں ماسٹر بیڈروم،لاؤنج،دفتر،ڈائننگ روم ، اور ایک جدید ترین تفریحی نظام ہے۔
دنیا کا تیسرا مہنگا ترین پرائیویٹ جیٹ بوئنگ 747-430 برونائی کے سلطان کی ملکیت ہے ،جس کی قیمت64 ارب65 کروڑ روپے(230 ملین ڈالر) ہے۔
برونائی کے سلطان اپنے شاہانہ طرز زندگی اور دولت کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔ یہ بوئنگ اصل میں لفتھانسا کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔
جیٹ کے اندرونی حصےپر سونے کی تہہ چڑھی ہے، جس میں فرنیچر، فکسچر اورواش بیسن پربھی سونے کی تہہ ہے۔ جیٹ میں سلطان کے لیے ایک ڈرائینگ روم، بیڈروم، باتھ روم اور شاہی کمرہ بھی ہے۔
دنیا کا چوتھا مہنگا ترین پرائیویٹ جیٹ بوئنگ 757 روسی ارب پتی اور چیلسی فٹ بال کلب کے مالک رومن ابرامووچ کے پاس ہے۔جس کی مالیت48ارب روپے(170ملین ڈالر) ہے۔یہ بوئنگ نے 2004 تک تیار کیا تھا۔ اس نے The Bandit کا نام دیا۔
اس میں ماسٹر بیڈروم، ڈائننگ روم، کچن، آفس اور ایک لاؤنج ہے۔ اس میں میزائل شکن نظام، ریڈار جیمنگ ڈیوائس اور سیکیورٹی کے لیے بلٹ پروف ونڈوز بھی ہیں۔
دنیا کا پانچواں مہنگا ترین جہاز گلف اسٹریم G650ER مشہور امریکی میڈیا شخصیت کم کارڈیشین کی ملکیت ہے اس کی مالیت 42ارب روپے(150 ملین ڈالر) ہے یہ دنیا کے تیز ترین اور جدید ترین کاروباری طیاروں میں سے ایک ہے۔
جیٹ میں ایک بیڈروم، باتھ روم،لاؤنج، بار، اور ایک سنیما ہے۔ اس میں تیز رفتار انٹرنیٹ کنکشن، سیٹلائٹ فون، اور ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم بھی ہے۔