کراچی (اسٹاف رپورٹر) الیکشن ٹریبونلز نے سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی مجموعی طور پر 37 اپیلوں کی سماعتیں کرتے ہوئے 31اپیلوں کے فیصلے سنادئے ۔ الیکشن ٹریبونلز نے امیدواروں کی جانب سے دائر ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 17اپیلیں مسترد کردیں ۔ الیکشن ٹریبونلز نے این اے 242سے شہباز شریف ، پی ایس 105 سے سعید غنی کے خلاف اپیلیں بھی مسترد کردیں ۔ الیکشن ٹریبونلز نے جے ڈی اے کے حسام مرزا ، حسنین مرزا سمیت 9امیدواروں کی اپیلیں منظور کرلیں ۔ الیکشن ٹریببونلز نے 5اپیلیں سماعت کیلئے دوبارہ ریٹرننگ افسران کو بھیج دی ہیں ۔ علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل میں پی ایس 61 سے شرجیل میمن کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر ،شرجیل میمن و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے،الیکشن ٹریبونل نے فریقین سے 10 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔ الیکشن ٹریبونل نے این اے 236 سے جی ڈی اے امیدوار مشتاق حسین کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے والے ریٹرننگ افسر کو بھی جھاڑ پلادی۔ الیکشن ٹریبونل نے این اے 231 سے جمعیت علماء اسلام کے امیدوار محمد اسماعیل کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کرلی ۔