پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس کی معاذ اللہ خان کرکٹ اکیڈمی کے باؤلنگ کوچ عبدالعزیز مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹوریٹ سپورٹس کے حکام، کھلاڑیوں اور مرحوم کے رشتہ داروں کے علاوہ ڈائریکٹر سپورٹس میر بشر خان، سابق ڈائریکٹر جنرل معاذ اللہ خان نے بھی شرکت کی، ریفرنس میں مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی جبکہ صوبائی حکومت، ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا گیاکہ مرحوم کے بچوں کی مالی مدد کی جائے۔ اکیڈمی کے چیف کوچ پرویزخان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم بلندپایہ کرکٹر کے ساتھ ساتھ ایک نفیس اور سدا بہار شخصیت کے مالک تھے زندگی میں ان کی وہ قدر نہیں کی گئی جس کے وہ حقدار تھے آخری ایام میں بے بسی کی زندگی گزار رہے تھے ان کا کنٹریکٹ ختم کیا گیا تھا موت تک وہ اس کی بحالی کے لئے کوششیں کرتے رہے لیکن کامیاب نہیں ہوئے۔ کوچ بختیار خان اور عرفان بابو نے کہاکہ ہمیشہ خاموش اور پیچھے رہ کر کام کرنے والے عبدالعزیز گذشتہ سات ماہ سے بیروزگار تھے جس کی وجہ سے وہ دن رات پریشان رہتے تھے۔ دیر سے تعلق رکھنے والے عبدالعزیز المعروف جی جے نے پنڈی ڈویژن، ملتان ڈویژن سے کرکٹ کھیلی، ملٹری کمبائنڈ فورس کی ٹیم میں بھی کھیلے سری لنکا کیلئے انڈر 19 کے کیمپ میں بھی حصہ لیا۔