• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگیڈیئر سیف اللّٰہ کا ووٹ واپس کوہاٹ منتقل کرنے کے احکامات

پشاور(نیوز پورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائیکورٹ کے احکامات پر پی کے 91کوہاٹ کے امیدوار بریگیڈئیر سیف اللہ کا ووٹ اسلام آباد بحریہ ٹاؤن ٹرانسفر کرنے کا اقدام واپس لے لیا اورووٹر لسٹ میں درخواست گزارکا ووٹ کوہاٹ میں بحال کردیاہے۔ بیریگیڈئیر سیف اللہ نے اشفاق احمد داؤدزئی کی وساطت سے پشاورہائیکورٹ میں رٹ دائر کی تھی جس میں انہوں نے موقف اپنایا تھا کہ درخواست گزار الیکشن لڑنا چاہتا ہے اور پی کے 91 کوہاٹ سے امیدوار ہے تاہم اس کا ووٹ غیرقانونی طریقے سے کوہاٹ سے اسلام آباد بحریہ ٹاؤن ٹرانسفر کیاگیا حالانکہ یہ اس کا عارضی پتہ ہے اور اس کی مستقل رہائش شکردرہ ضلع کوہاٹ میں ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس اقدام کیخلاف الیکشن کمیشن میں اپیل دائر کی گئی تاہم انہوں نے یہ کہہ کر اپیل مسترد کردی کہ الیکشن شیڈول جاری ہوچکا ہے لہذا ووٹ ٹرانسفر نہیں کرسکتے جس پر پشاورہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا۔عدالت نے رٹ نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ درخواست گزار کی شکایت پردوبارہ غورکرکے کیس میرٹ پر فیصلہ کیا جائے ۔الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم پر درخواست گزار کا ووٹ کوہاٹ میں بحال کردیا ہے ۔
پشاور سے مزید