• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق سمیت بلوچستان میں بھی حکومت بنائینگے‘ علی مدد جتک

کوئٹہ( آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن پی بی 45سریاب سے نامزد امید وار حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ 8 فروری کا سورج پارٹی کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا اور عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہو کر بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کر کے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ،آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خلجی کا لونی پرکانی آباد میں اخلاص خان خلجی کی رہائش پر کارنر میٹنگ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کوئٹہ ڈویژن کے سینئر نائب صدر جبار خلجی، یوسف بنگلزئی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی اقتدار میں آکر ملازمین اور غریب طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کے ساتھ مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے 5ہزار نوجوانوں کو آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے تحت نوکریاں دیں، 18ویں ترمیم کی منظوری اور صوبائی خود مختاری کے ساتھ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی طرح بلوچستان میں بھی حکومت بنائے گی ۔
کوئٹہ سے مزید