کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈیرہ بگٹی کے رہائشی بینائی سے محروم حافظ آفتاب حسین بگٹی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان مجھے روزگار دینے کا وعدہ پورا کریں تاکہ میں باعزت طریقے سے زندگی گزار سکوں ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میرا بھائی پیدائشی طور پر بینائی سے محروم ہیں اس لئے ہم اپنا اور اپنے اہلخانہ کا پیٹ پالنے کے لئے محنت مزدوری بھی نہیں کرسکتے ، میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے علاقے سے تعلق رکھتا ہوں امید ہے وہ میری مدد کریں گے تاکہ میں عزت کی زندگی گزار سکوں اور اپنے اہلخانہ کا سہارا بن سکوں میں نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے مجھے ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا جس کے لئے میں نےاپنے دستاویزات جمع کرائے تھے بعد میں معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ کاغذات گم گئے ہیں اس کے بعد دوبارہ کاغذات جمع کرائے ۔میں نے روزگار کے حصول کے لئے وزیر اعلیٰ سے متعدد بار ملنے کی کوشش کی لیکن ملنے نہیں دیا گیا آج میڈیا کے توسط سے اپنی آواز ان تک پہنچانا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ کئی حکومتی اراکین نے بھی روزگار فراہم کرنے کے وعدے کیے لیکن وعدئےپورے نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی تک اپنا پیغام پہنچانا چاہتا ہوں اور ان سے اپیل کرتا ہوں کہ مجھےوزگار فراہمی کیا جائے۔