کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بار کونسل نے شاہوانی اسٹیڈیم کوئٹہ میں سیاسی جلسے کے بعد خود کش حملے کو دہشت گردی کا بد ترین واقعہ قرار دیتے ہوئے اس کو حکومتوں کی ناکامی قرار دیا ہے۔ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ عرصہ سے صوبہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے مگر حکومت اور انتظامیہ اس لہر کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے صرف زبانی جمع خرچ اور دھمکیوں پر انحصار کیا جارہا ہے۔ صوبے میں امن و امان کی بحالی کیلئے کوئی ٹھوس و پائیدار اقدامات انہیں اٹھائے گئے۔ جس کی وجہ آج پورے صوبے میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہوچکی ہے۔بیان میںبی این پی کے جلسہ کے اختتام پر خودکش حملے میں شہید ہونے والے کارکنوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی گئی ہے۔بیان میں کہاگیاہےکہ سیاست کو نفرت کی بجائے محبت کے پیرائے میں دیکھا جائے سیاسی قوتوں کی ناکامی دراصل سماج و معاشرے کو دہشت گردوں کے سامنے سر نگوں کرنا ہے بی این پی کے جلسے پر خودکش حملہ ایک سیاسی پارٹی پر نہیں بلکہ بلوچستان کے پرامن عوام کو آگ و خون میں دھکیلنے کی سازش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔