کراچی (اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھٹے راؤنڈ کے میچوں کے پہلے دن عمرامین اور محمد سلیمان نے سنچریاں اور سلمان علی آغا اور شعیب اختر نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی لیکن سلمان علی آغا کی عمدہ بولنگ کے سبب وہ صرف 95 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔آسٹریلیا سے واپس آنے والے سلمان علی آغا نے 39 رنز دے کر 5 ،زاہد محمود نے 5 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ اسٹیٹ بینک نے کھیل کے اختتام پر تین وکٹ پر 188 رنز بنائے تھے ۔ عمرامین 110 اور رمیز عزیز 53 رنز پر ان کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں غنی گلاس نے ٹاس جیت کر واپڈا کو بیٹنگ دی جو 212 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ایاز تصور نے 81 رنز اسکور کیے۔ شعیب اختر نے5 وکٹیں حاصل کیں۔ غنی گلاس نے کھیل ختم ہونے پر چھ وکٹ پر 45 رنز بنائےتھے ۔ علی شفیق نے 10رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں سرکاری ٹی وی نے مقررہ 80 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 360 رنز اسکور کیے۔ محمد سلیمان نے 101 ، وقارحسین نے 75 جبکہ جہانداد خان نے 67 رنز بنائے جس میں 7چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ کے آر ایل کے احمد بشیر نے تین وکٹ لیے۔