کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑ ایڈوکیٹ اور جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈوکیٹ نے کہاہےکہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے نے 2024 کے الیکشن کو مزید متنازعہ بنا دیا ہے۔ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کو کچھ پیچیدگیوں کی بنا پر الیکشن سے باہر کرنا دانشمندانہ عمل نہیں ہے ایک بیان میں انہوں نے کہاہےکہ بدقسمتی سے ملک میں 2018 والا عمل دہرایا جا رہا ہے جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا جا رہا ۔ ملک کو ایک تجربہ گاہ بنا دیا گیا ہے ان ناکام تجربات کی وجہ سے ملک اس وقت سیاسی، معاشی اور آئینی بحران کا شکار ہےجس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں ۔جمہوریت اور صاف شفاف الیکشن ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے اگر اس بار بھی الیکشن متنازعہ ہوئے تو اس کے مثبت اثرات نہیں پڑے گے۔سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلےکو ہم جمہوریت کے خلاف ایک وار سمجھتے ہیں۔ ملک میں حقیقی جمہوریت کو پنپنے دیا جائے تاکہ تمام مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔