کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کراچی، ملتان اور لاہور نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ راولپنڈی میں کراچی نے پشاور کو 101 رنز سے ہرادیا۔کراچی نے 2 وکٹ پر 183 رنز بنائے۔ منیبہ علی نے 64 اور جویریہ خان نے 51 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 93 رنز کا اضافہ کیا۔ ناکام ٹیم 6 وکٹوں پر 82 رنز بنا سکی۔ علینہ شاہ 44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ سیدہ عروب شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ منیبہ علی پلیئر آف دی میچ رہیں۔ راولپنڈی میں ملتان نے کوئٹہ کو 21 رنز سے ہرادیا۔ ملتان نے تین وکٹ پر 129 رنز بنائے ۔گل فیروزہ نے ناٹ آؤٹ 75 رنز بنائے ۔ حریف ٹیم جواب میں 9 وکٹوں پر 108 رنز بناسکی۔ دعا ماجد نے 42 رنز اسکور کیے۔ گل فیروزہ پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ اسلام آباد میں لاہور نے راولپنڈی کے خلاف 41 رنز سے کامیابی حاصل کی۔لاہور نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔ سدرہ امین نے 85 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔راولپنڈی 9 وکٹ پر 119 رنز بنا سکی۔ نشرہ سندھو اور غلام فاطمہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔سدرہ امین پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔