اسلام آباد (رپورٹ : عاصم جاوید) سینئر سول جج اسلام آباد قدرت اللہ نے دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی، عدالت نے چارج شیٹ پڑھی اور ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ،گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت جمعرات 18 جنوری تک ملتوی کر دی۔ بشریٰ بی بی کے بغیر بتائے عدالت سے چلے جانے پر جج برہم، فاضل جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہااگر کوئی سمجھے کہ عدالت کو چکمہ دے گا تو یہ غلط فہمی ہے ،جیل حکام سے ملزمہ کی آمد اور روانگی کی رپورٹ مانگ لی۔ دوسری طرف بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیسز کے جیل ٹرائل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ۔ درخواستوں میں استدعا کی ہے کہ دونوں ریفرنسز کے جیل ٹرائل کے نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دئیے جائیں۔ سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آج کریں گے۔