لاہور(ایجنسیاں)لاہورہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے پی ٹی آئی کےبانی چیئر مین عمران خان‘ شاہ محمود‘ پرویز الٰہی ‘فواد چوہدری‘حبا فواد‘حماد اظہر‘خرم لطیف کھوسہ اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے الیکشن کیلئے نااہل قرار دیدیاجس کے بعد یہ تمام افراد انتخابی دوڑسے باہر ہوگئے ہیںجبکہ شیخ رشید‘یاسمین راشد ‘ زلفی بخاری ‘شہرام ترکئی اور عاطف خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی،پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کہ موجودہ کیس میں الیکشن لڑنے سے نا اہلی کا اختیار ریٹرننگ افسران کے پاس نہیں،یہ اختیار عدالت کا ہے ،وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی سزا یابی کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے اور سپریم کورٹ یہ کہہ چکی ہے کہ کسی کو نا اہل کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس نہیں،الیکشن کمیشن کا آرڈر ٹھیک نہیں ہے‘الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ریٹرننگ افسر یہ کہہ سکتا ہے کہ امیدوار آرٹیکل 62اور 63پر پورا نہیں اترتا۔عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ بعدازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے عمران خان کی اپیلوں کو خارج کر دیا اور عمران خان کی دونوں حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔