اسلام آباد( مہتاب حیدر) آئندہ عام انتخابات سے قبل ایس آئی ایف سی نے وزیراعظم کے تمام اقدامات کو موجودہ سطح پر روک دینے کی منظوری دے دی ہےجبکہ ایس جی ڈیز اور ایس اے پیزکے حوالے سے مزید کوئی رقوم جاری کرنے سےبھی روک دیا ہے۔ پی ڈی ایم کی قیادت میں چلنے والی گزشتہ حکومت نے سیپ پروگرام کی مدت مکمل ہونے سے قبل تمام الاٹیز کیلیے فنڈز ریلیز کر دیے تھے۔ سیپ پروگرام کےلیے 90 ارب روپے مختص کیے گئے تھےحکومت نے ان میں سے 61 ارب روپے جاری کردیے تھے جن میں سے 27 ارب 15 کروڑ30 لاکھ روپے جولائی سے اکتوبر کے پہلے چار مہینوں میں خرچ ہوگئے تھے۔ اب تقریباً ساڑھے 6 ماہ بعد ایس آئی ایف سی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سیپ پروگرام کےلیے رقوم کے مزید اجرا کو روک دے گی اور وزیراعظم کے اقدامات کو تمام سطحوں پرروک دیاجائےگا۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ خصوصی ورکنگ گروپ جو ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی نے بنایا تھا وہ صوبائی نوعیت کےپروجیکٹس کی بندش یا منتقلی کےلیے نفاذ کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہی ہے ۔صوبوں کے خیالات البتہ مختلف ہیں و ان صوبائی پروجیکٹس کی بندش یا منتقلی کے حق میں نہیں ہیں۔ اس عہیدار نے مزید بتایا کہ ایس آئی ایف سی کو قومی اقتصادی کونسل کی سمری پر بریفنگ دی گئی ہے جو وفاقی پی ایس ڈپی پروگرام میں صوبائی منصوبوں کو شامل کرنے کی ممانعت کرتی ہے سوائے ان اضلاع یا علاقوں کے جو پسماندہ ترین ہیں۔ ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے آٹھویں اجلاس میں زیروفنانشل پروگریس والے منصوبوں کو نافذ نہیں کیاجائیگا۔