ڈیووس(ایجنسیاں)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے واضح کیاہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے سیاسی خیالات کی وجہ سے نہیں بلکہ کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کی وجہ سے جیل میں قید ہیں‘عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، عوام8فروری کو آئندہ5سال کے لئے حکومت کاانتخاب کریں گے‘پاک فوج غیرملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ سمیت دیگر امور میں معاونت فراہم کر رہی ہے‘ معیشت کی بحالی اولین ترجیح ہے، اقتصادی اصلاحات ناگزیر ہیں‘طرزحکمرانی بتدریج بہتر ہو رہا ہے، حکومتی اخراجات میں کمی لانا اور آمدنی میں اضافہ ہمارا بنیادی مقصد ہے، ٹیکس نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں‘پائیدار ترقی کے لئے یکساں مواقع کی فراہمی ضروری ہے، ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے دنیا کا ہر خطہ مستفید ہوناچاہئے‘ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے موقع پرخطاب اورامریکی ٹی وی کو انٹرویومیں کیا ۔ڈیووس میں نگراں وزیراعظم سے بیلجیئم کے وزیراعظم الیگزینڈر ڈے کروواورکوکاکولا کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جیمز کوئنسی نے بھی ملاقات کی ۔