حافظ آباد(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہےکہ اگر انہیں وزارت عظمیٰ سے نہ نکالا جاتا تو روٹی اور نان آج بھی چار روپے میں دستیاب ہوتے ‘بجلی اور گیس کے بل کم ہوتے‘میرامشن پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے اور ہم اسے کھڑا کریں گے ‘ اقتدارمیں آکردہشت گردی‘ بیروزگاری‘ مہنگائی کا خاتمہ اور بجلی گیس بلوں سے پریشان عوام کو ریلیف دیں گےجبکہ ن لیگ کی چیف آرگنائزرمریم نواز کا کہنا ہے کہ ہم 28مئی والے لوگ ہیں9مئی والے نہیں، پاکستان کو سنوارنے والوں کی ایک تاریخ ہے جبکہ ایک تاریخ پاکستان کو اجاڑنے کی مذموم کوشش کرنے والوں کی ہے‘نوجوانوں کو جلاو گھیراؤ کرنے کی ترغیب دیتا ہے وہ عوام کا ہمدرد نہیں ہو سکتا‘میں نے وعدہ کیا تھا کہ نواز شریف کو واپس لاؤں گی اور ان کو واپس لے آئی ہوں‘مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمیں فتح ملی تو کوشش ہوگی 200یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی فراہم کریں ۔گزشتہ روزحافظ آباد میں اپنے پہلے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھاکہ پانچ ججوں نے پچیس کروڑ عوام کے نمائندہ کواس لئے وزارت عظمی سے نکال دیا کہ اس نے بیٹے سے تنخواہ کیوں لی۔اگر نواز شریف کو نہ نکالا جاتا تو آج آپ کے پاس روزگار ‘ہر گھر خوشحال ہوتا اور ہر گھر میں روشنی کے چراغ جل رہے ہوتے۔کاشتکار آسودہ حال ہوتا۔ پاکستان میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہ ہوتی اور پاکستان خوشحالی کا گہوارہ ہوتا۔اگر بار بار فارغ نہ کیا جاتااور الجھایا نہ جاتاتو آج پاکستان ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا۔جلسہ عام سے خطاب میں مریم نوازنے کہا کہ 28 مئی والوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، یہ پاکستان کو سنوارنے والے لوگ ہیں جبکہ 9مئی والے پاکستان کی ریاست پر حملہ کرنیوالے لوگ ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم نے طعنے سنے، بدتمیزی، بد تہذیبی سب برداشت کیا لیکن دہشتگردی اور مہنگائی کو ختم کیا،آج کل نواز شریف کا زیادہ وقت اس بات پر غور کرنے میں گزرتا ہے کہ بجلی کے بل کیسے کم کرنے ہیں؟ نوجوانوں کو نوکریاں کیسے دینی ہیں؟ سڑکوں کا جال کیسے بچھانا ہے؟ ۔