• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کا اقدام پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے، عوام افواج کے شانہ بشانہ ہیں، مذہبی، سیاسی و سماجی رہنما گریٹر مانچسٹر

گریٹر مانچسٹر/ بولٹن (ابرار حسین) ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر گریٹر مانچسٹر کے مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے اس اقدام کو پاکستان کی خودمختاری پر کھلم کھلا حملہ قرار دیا۔ بولٹن کونسل کے کونسلر مدثر دین نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر مادر وطن اور اس کی سرحدوں کے تحفظ اور سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ مکہ مسجد کے صدر راجہ محمد اعظم نے ایران کے حملے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس کا نوٹس لینا چاہئے اور پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی پر اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔ کونسلر خرم رؤف نے کہا کہ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ آزاد کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے سابق صدر چوہدری بشیر رٹوی نے کہا کہ ایران کو چاہئے کہ وہ آگ سے کھیلنا بند کردے، پاکستان کی مسلح افواج اپنی سرحدوں کی محافظ سے پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ سابق کونسلر راجہ محمد ادریس نے کہا کہ جب گھرکی دیواریں کمزور ہوں تو باہر والوں کو موقع ملتا ہے لیکن اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ ہم اپنے دفاع سے غافل ہیں۔ پاکستان کی غیور عوام اور پاک فوج درپیش بحران سے نبردآزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ مسلم کانفرنس اوورسیز پبلک سٹی ونگ برطانیہ کے وائس چیئرمین شیخ سرفراز حسین نے ایران کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان کے عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس کا بھرپور جواب دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) نارتھ ویسٹ کے جنرل سیکرٹری راجہ جلیل الرحمٰن نے ایران کی جانب سے میزائل حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات پر ملک بھر کی طرح بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئےبھی باعث تشویش ہے، عالمی برادری کو اس پر توجہ دینی چاہئے اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیا میں انسانی المیہ رونما ہو سکتا ہے ۔ جماعت اسلامی برطانیہ کے سابق کنوینر راجہ عارف خان نے کہا کہ بیرون ممالک اور ان کے خفیہ ادارے ایران کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں لیکن اس میں کسی کو شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ پی پی پی نارتھ ویسٹ کے صدر حاجی گلزار خان نے کہا کہ پوری قوم مشکل کی اس گھڑی میں فوج کے ساتھ کھڑی ہے، بدقسمتی سے پاکستان کو اس وقت عالمی اور علاقائی سازش کا شکار ہے، یہ کارروائی جس انداز سے کی گئی ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس میں بھارت کی خفیہ ایجنسیاں شامل ہیں۔ پی پی پی برطانیہ کے ریکارڈ سیکرٹری نصر اللہ مغل نے کہا کہ سرحدی خلاف ورزیاں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی اور اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور ملکی سلامتی کیلئے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

یورپ سے سے مزید