کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسقط میں اولمپکس رسائی راؤنڈ میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تیسری پوزیشن کے میچ میں ناکامی کے بعد ایک بار اولمپکس گیمز کا ٹکٹ حاصل نہیں کرسکی، پاکستان نے آخری مرتبہ2012 کے اولمپکس گیمز میں حصہ لیا تھا۔ اتوار کو کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف اسے3-2کی شکست کا سامنا کرنا پڑا، نیوزی لینڈ ، جرمنی اور بر طانیہ نے اس راؤنڈ سے پیرس اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرلیا، نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی جانب سے کھیل 18ویں منٹ میںپنالٹی کارنر پر ابوبکر محمود نے گول اسکور کرکے برتری قائم کردی۔ 24 ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک اپر ابوبکر محمود نے کامیابی سے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور پاکستان کی برتری کو مستحکم بنایا۔ کھیل کے 24ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے اسکاٹ نےگول ا سکور کیا جبکہ تیسرے کوارٹر کے اختتام تک پاکستان کی برتری قائم رہی۔ چوتھے کواٹر کے 52ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ہوگو نے فیلڈ گول اسکور کرکے پاکستان کی برتری کا خاتمہ کیا اور میچ کے اختتامی لمحات میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ا سکاٹ نے فیلڈ گول اسکور کرکے اپنی ٹیم برانز میڈل کا حقدار ٹھہرایا۔ گول کیپر عبداللہ اشتیاق نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے 10 کھلاڑی عمان میں 28 سے31 جنوری منعقد ہونے والے ایف آئی ایچ فائیو سائیڈ ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے عمان میں ہی قیام کرینگے۔