• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے خطاب کیلئے دوسری بار مصنوعی ذہانت کا استعمال

کراچی(ٹی وی رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل سے عمران خان کا پیغام شیئر کرنے کے لیے دوسری بار مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے۔ 

امریکا میں مقیم 1پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا چیف جبران الیاس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ دوسرا موقع ہے جب مصنوعی ذہانت کے ذریعے عمران خان کی آواز کنونشن میں چلائی گئی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے دسمبر میں ایک ورچوئل ریلی کے دوران بھی مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا تھا۔ 

چار منٹ کی یہ ویڈیو پی ٹی آئی کے حامیوں نے سنی تھی اور اسے صوتی کلون سے بنایا گیا تھا۔ اس آڈیو کو فیس بک، ایکس اور یوٹیوب پر شیئر کیا گیا تھا۔

 اتوار کو ہونے والے کنونشن کی نظامت ایک صحافی نے کی جبکہ سلمان اکرم راجہ، خالد بیدون، ریان گریم، سمیع حمدی، ڈاکٹر مبین شاہ، خالد بیدون اور ترگے ایورن پر مشتمل پینل موجود تھا۔ عمران خان کا پیغام یوٹیوب پر دو گھنٹے تک جاری رہنے والے کنونشن کے اختتام پر چلایا گیا۔ اسے پارٹی کی جانب سے ایکس اور فیس بک پر بھی شیئر کیا گیا تھا۔ 

یہ تقریب ہفتہ کو پارٹی کی دوسری ورچوئل ریلی کے انعقاد کے ایک دن بعد منعقد کی گئی تھی۔ اسے یوٹیوب پر تین لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سیکڑوں افراد نے اس میں براہ راست شرکت کی۔

اہم خبریں سے مزید