پشاور(نامہ نگار)خیبرپختونخوا حکومت نے تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے منشیات تیار کرنے اور اس کو سپلائی چھین میں ملوث خفیہ ہاتھوں کو بے نقاب کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے ،تعلیمی اداروں میں منشیا ت کی لعنت سے متعلق آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیاہے، اسی طرح منشیات کی کمائی سے بنائے جانے والے اثاثوں کی تحقیقات کیلئے ،ایسٹس انوسٹیگیشن سیل قائم کرنے کابھی فیصلہ کیاگیاہے، اس بات کا فیصلہ ایپکس کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کیاگیا ،اجلاس کی صدارت سیکرٹری ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول نے کی ، جس میں صوبے میں منشیات کی لعنت سے متعلق مختلف امور پر غور کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو صوبے بھر کی تمام صنعتوں کی انسپکشن کریگی اسی طرح کنٹرول کیمیکل کی ریگولرائزیشن کے لئے رولز کی تیاری اوراین او سی کے اجراء کا عمل تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا، ،منشیات سپلائی کرنے والوں کا کھوج لگانے کے لئے تعلیمی اداروں کے باہر سفیدکپٹروں میں اہلکار تعینات کرنے ،منشیات تیار کرنے اور سپلائی کرنے میں ملوث خفیہ ہاتھوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے جبکہ محکمہ ایکسائز میں اثاثوں کی تحقیقات کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔