راولپنڈی(ایجنسیاں)پاک افغان سرحد کے قریب ژوب میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے ہیں ۔آئی ایس پی آر کےمطابق ژوب کے علاقے سمبازہ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں 7 دہشت گرد مارے گئے ‘ یہ دہشت گردسکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں براہ راست ملوث تھے ۔ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ ،گولہ بارود برآمد کیا گیا ۔ادھرسکیورٹی خدشات کی بنا پر اسلام آباد کی 4 بڑی یونیورسٹیاں غیرمعینہ مدت تک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔ بند کی گئی یونیورسٹیز میں ایئر یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور قائد اعظم یونیورسٹی شامل ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے‘حملے کے لئے خاتون خود کش بمبار کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔