• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو امیدوار باہر نہیں نکلیں گے انکے ٹکٹ تبدیل کردونگا، عمران

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے امیدواروں کو آئندہ اتوار سے پرامن انتخابی مہم کے لئے باہر نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو امیدوار انتخابی مہم کے لئے باہر نہیں نکلیں گے انکے ٹکٹ تبدیل کر دیں گے۔

گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائفر کو دبانے کے لئے پوری کوشش کی گئی۔

 تین ہفتے میں حکومت گرا دی گئی ، اس سے بڑی سازش کیا ہے؟شاہ محمود قریشی نے جیل میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بلاول سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آج آپ کو نواز شریف کی انتقامی سیاست نظر آ رہی ہے۔

 بلاول نے شہباز شریف کی حکومت کے انڈر وزیر خارجہ کا حلف کیوں اٹھایا؟ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا سائفر نہیں آیا۔ 

شاہ محمود قریشی کو بائی چانس اس سائفر کا پتہ چلا ، وہ سائفر جنرل باجوہ کے لئے تھا۔

 سائفر میں اگر انہونی چیز نہیں تھی تو ڈی مارش کیوں کیا گیا۔ کیا کوئی امریکہ کو ڈی مارش کرتا ہے۔ جس روز ڈی مارش کیا گیا سائفر اسی روز پبلک ہو گیا تھا۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں سائفر کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کیوں کہا گیا؟ سائفر معاملے پر پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی گئی وہ کس کی دھمکی پر ختم ہوئی؟ ہم نے چیف جسٹس سے بھی کہا تھا کہ سائفر معاملے کی انکوائری کی جائے۔

 ہمارے ساڑھے تین سالہ دور میں کسی ملک کو ڈی مارش نہیں کیا گیا۔ سائفر کے بعد ہمارے ممبران ٹوٹنا شروع ہوئے۔ راجہ ریاض سمیت بہت سے لوگ امریکی ایمبیسی جا رہے تھے جس پر آئی بی کی رپورٹ بھی موجود تھی۔

 ارشد شریف کا پروگرام بھی موجود ہے کہ کون کون سے لوگ امریکی ایمبیسی جا رہے تھے۔ 

ہمیں انتخابی مہم نہیں چلانے دی جا رہی۔ میرا اور نواز شریف کا معاملہ الگ ہے۔

 نواز شریف اور مریم نااہل ہوئے تھے جبکہ شہباز شریف کو باجوہ کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ انکی انتخابی مہم ناکام ہو چکی ہے۔ انکے جلسوں میں کوئی نہیں آ رہا۔

اہم خبریں سے مزید