• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی اور ایم ایس سروسز اسپتال حیدرآباد کی اسامیوں پر 2 افسران کو اضافی چارج

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سروسز اسپتال حیدرآباد کی اسامیوں پر دو افسران کو اضافی چارج سونپ دیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم نے منگل کو اعلامیے جاری کر دیئے جن کے مطابق اسٹاپ گیپ ارینجمنٹ کے تحت ہیلتھ مینیجمنٹ کیڈر گریڈ 19کے آفیسر و ایڈیشنل ڈائریکٹر پریوینٹیو ڈاکٹر ثاقب علی شیخ کو ان کی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ گریڈ 20کے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی کا اضافی چارج دیاجاتا ہے جبکہ گریڈ 19 کے سینئر میڈیکل آفیسر و ایڈیشنل ایم ایس سروسز اسپتال حیدرآباد ڈاکٹر شکیل احمد میمن کو ان کی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ گریڈ 19‪/‬20 کی اسامی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سروسز اسپتال حیدرآباد کا اضافی چارج دیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی کی اسامی گزشتہ تین ہفتوں جبکہ ایم ایس سروسز اسپتال حیدرآباد کی اسامی گزشتہ ڈیرھ ماہ سے خالی تھی جس سے انتظامی امور متاثر ہونے کے ساتھ مریضوں کو پریشانی کا سامنا تھا۔ جنگ نے بالترتیب 19 اور 20 جنوری کو اس کی نشاندہی کی جس پر 23 جنوری منگل کو دونوں اسامیوں کا اضافی چارج افسران کو سونپ دیا گیا۔ واضح رہے کہ اضافی چارج پر سپریم کورٹ نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کا موقف جاننے کے لئے چیف سیکریٹری سندھ کے ترجمان فرحت امتیاز سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
اہم خبریں سے مزید