دی ہیگ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک)اقوا م متحدہ کی سب سے اعلیٰ عدالت نے اسرائیل کو حکم دیا ہےکہ وہ غزہ میں نسل کشی روکے،غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کی اجازت دی جائے،عدالت نے جنوبی افریقا کی درخواست پر سماعت معطل کرنے کی اسرائیلی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، مقدمہ خارج نہیں کریں گے،15-2کی اکثریت سے عبوری فیصلہ سنادیا، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نےکہا ہے کہ نسل کشی کے الزامات جھوٹے اور اشتعال انگیز ہیں، امریکا نے اس مقدمے کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا ہے، جنوبی افریقا کے وزیرخارجہ نالیدی پالندور کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت کے اقدامات جنگ بندی کے برابر ہیں،پاکستان اور فلسطین سمیت دنیا بھر سےفیصلے کا خیر مقدم ، حماس کا کہنا ہے کہ فیصلے سے اسرائیل مزید تنہا ہوگا، قطر اور سعودی عرب نے بھی اسرائیل کیخلاف عبوری فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ،سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا احتساب یقینی بنایا جائے، ایران کی جنوبی افریقا اور فلسطینی عوام کو مبارکباد ،یورپی یونین کا کہنا ہے کہ فریقین فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کے شہر دا ہیگ میں واقع عالمی عدالت انصاف نےجنوبی افریقا کی درخواست پر اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کا کیس نہ سننے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عبوری فیصلے میں اس کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ چلانے کا اعلان کردیا۔