پشاور(لیڈی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان معظم بٹ ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ملک کی مقبول سیاسی جماعت کو دیوار سے لگا کر جمہوری قدروں کو پامال کیا جارہا ہے،تحریک انصاف کے انتخابی نشان کو چھین کر ملک میں لیول پلینگ فیلڈ کو اکھاڑ دیا گیا ہے، پشاور پریس کلب میں انصاف لائیرز ونگ کے حمیرا گل ایدوکیٹ اور دیگر وکلاء کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ملک جب نا مساعد حالات کا سامنا کررہا ہے، اس کے ذمہ دار سیاستدان ہیں، سیاستدانون کو ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کرنا ہوگا،معظم بٹ نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کو سلام پیش کرتے ہیں جو نا مساعد حالات میں بھی سیاسی کارکنوں کیلئے امید کی کرن ہے، تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی، چیف جسٹس آف پاکستان کو کیس کی شنوائی کیلئے لارجر بنچ تشکیل دینا چاہئے تھا، معظم بٹ نے پیپلز پارٹی کے چیرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لیول پلینگ فیلڈ کی دہائی دینے والے بلاول بھٹو کی جماعت سے جب انتخابی نشان چھین لیا گیا تھا، اسی وقت کو یاد رکھتے،پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے، قبل از الیکشن اور الیکشن کے بعد جب تک سیاستدان مل بیٹھ کر کوئی لائحہ عمل نہیں بناتے، مسائل بدستور رہیں گئے۔